ڈی پی او طارق عزیز سندھو کے تبادلے پر سوہاوہ بار ایسوسی ایشن کے وفد کی الوداعی ملاقات

سوہاوہ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق عزیز سندھو کے تبادلے کے موقع پر سوہاوہ بار ایسوسی ایشن کے وفد نے سابق ڈی پی او جہلم سے الوداعی ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
وفد میں سوہاوہ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر محمد زبیر چوہدری ایڈووکیٹ، راجہ سہیل شفیق ایڈووکیٹ، نائب صدر نعمان ہاشمی ایڈووکیٹ اور جنرل سیکریٹری انس ثوبان مرزا ایڈووکیٹ شامل تھے۔
ملاقات کے دوران طارق عزیز سندھو نے اپنی جہلم میں تعیناتی کو ایک یادگار اور خوشگوار تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضلع جہلم کے لوگ باشعور، پڑھے لکھے اور سلجھے ہوئے ہیں جو جرائم کو ناپسند کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہاں کے عوام کی اکثریت قانون کا احترام کرنے والی اور صلح جو ہے جبکہ اپنی تعیناتی کے دوران بار ایسوسی ایشن کے ساتھ تعلقات نہایت خوشگوار رہے اور فرائض کی انجام دہی میں بار کا تعاون قابلِ ستائش رہا۔
اس موقع پر بار ایسوسی ایشن کے وفد نے کہا کہ ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے اپنی تعیناتی کے دوران بغیر کسی تفریق کے انصاف کی فراہمی اور لاء اینڈ آرڈر کی بہتری کے لیے مثالی کردار ادا کیا۔ وکلاء کے مسائل کے حل اور انصاف کی فراہمی میں ان کی کاوشوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وفد نے طارق عزیز سندھو کی نئی تعیناتی اور آئندہ ذمہ داریوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کی دعا کی۔



