منگلا پولیس کی اہم کارروائی، گاڑی چور گرفتار، لاکھوں روپے مالیت کا فورڈ ڈالا برآمد

دینہ: تھانہ منگلا کینٹ پولیس کی اہم کارروائی، گاڑی چوری کے مقدمہ میں ملوث خطرناک ملزم گرفتار کر کے چوری شدہ فورڈ ڈالا برآمد کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق دینہ کے علاقہ جلو چک کے رہائشی محمد اختر نے منگلا کینٹ پولیس کو اطلاع دی کہ رواں سال 23 فروری کی رات کو اس کی گاڑی فورڈ ڈالا گھر کے باہر سے چوری ہو گیا ہے۔
ایس ایچ او تھانہ منگلا کینٹ محمد علی اسد اور ٹیم نے شب و روز محنت اور جانفشانی سے کام کرتے ہوئے ملزم محمد عمران ساکن علی پور چٹھہ کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا، ملزم کی نشاندہی پر شہری کا ساڑھے نو لاکھ روپے مالیت کا فورڈ ڈالا برآمد کر لیا۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور جرائم کی بیخ کنی سے ہی محفوظ جہلم کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔



