جہلم پولیس کے سپیشل سرچ آپریشنز، 443 افراد اور 179 گھروں کی چیکنگ

جہلم: دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے سلسلے میں جہلم پولیس نے ضلع بھر میں خصوصی سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیاں کیں۔
پولیس کے مطابق مختلف علاقوں میں 14 مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 443 افراد، 179 گھروں اور 13 بس اسٹینڈز و ہوٹلز کی چیکنگ کی گئی۔ ان کارروائیوں کا مقصد جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات سے مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے میں مدد ملتی ہے اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
جہلم پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم افراد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بروقت اطلاع کسی بڑے جرم کو روکنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ شہری کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر دے سکتے ہیں تاکہ ضلع میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔



