دینہ کی تاجر برادری کا ٹیکسوں کے خلاف 28 اگست کو مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

دینہ میں مرکزی انجمن تاجران نے ظالمانہ ٹیکسوں کی بھر مار پر 28اگست کو مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں مرکزی انجمن تاجران کا مقامی ہوٹل میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام تنظیموں نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ 28اگست بروز بدھ کو دینہ کے تمام تاجر شٹر ڈاؤن ہڑتال کریں گے اور حکومت کی طرف سے جو تاجروں پر ظالمانہ ٹیکس جو تاجر دوست کے نام سے عائد کیا گیا ہے وہ کسی صورت بھی قبول نہیں کریں گے۔
اجلاس سے انجمن تاجران کے صدر چوہدری محبوب احمد نے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ تاجر دوست کے نام پر تاجروں پر جو ٹیکس لگایا گیا ہے وہ ایک بم کے مترادف ہے پہلے ہی تاجر طبقہ ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے اب یہ فیصلہ کسی صورت نہیں مانیں گے ، 28اگست کو دینہ کے تمام کاروباری مراکز بند رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت تاجروں پر رحم کرے اور ظالمانہ ٹیکس فوری طور پر ختم کرے ہم اس فیصلہ کو مسترد کرتے ہیں اور 28اگست بروز بدھ کو دینہ کی تمام تاجر برادری شٹر ڈاؤن ہڑتال کرے گی۔
اجلاس سے جنرل سیکرٹری میاں ہارون نے کہا کہ ظالمانہ ٹیکس جو بم کی شکل میں ہمارے اوپر گرایا گیا ہے تاجر دوست ٹیکس کے نام سے ہم اس کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے اور 28اگست کو دینہ کی تمام کاروباری مراکز بند رہیں گے جس کا فیصلہ اس اجلاس میں ہو چکا ہے۔ جب تک حکومت ہمارے مطالبات پورے نہیں کرتی ہم ہڑتال کرتے رہیں گے اور ظالمانہ ٹیکس کے خلاف آوازاٹھاتے رہیں گے۔ حکومت بجلی اور ٹیکسون کی صورت میں ہمارے اوپر بم گرانا بند کرے اور ہم پر رحم کرے۔
اجلاس سے زین ڈار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک سے ٹیکسوں کی بھر مار کی وجہ سے ملٹی نیشنل کمپنیاں ملک چھوڑ چکی ہیں بے جا ٹیکس عوام اور تاجروں پر لگائے جا رہے ہیں جو ہم کسی صورت نہیں مانیں گے حکومت اس پر نظر ثانی کرے اور بے جا ٹیکس ختم کرے۔
اجلاس میں صرافہ یونین ،کریانہ یونین ، کیمسٹ یونین ، دودھ دہی یونین ، پولٹری یونین ، سینٹری یونین ، جنرل سٹور ایسو سی ایشن ، غلہ منڈی یونین ، کلاتھ یونین و دیگر یونین کے سربراہان نے بھی شرکت کی ۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



