پنڈدادنخان میں مسلح ملزمان کی پولیس پارٹی پر فائرنگ، 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار، کانسٹیبل زخمی

پنڈدادنخان میں مسلح ملزمان کی پولیس پارٹی پر فائرنگ سے ایک کانسٹیبل زخمی ہو گیا، پولیس نے دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں تھانہ للِہ پولیس کی ٹیم پر ڈیرہ گلیال کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو زیر حراست ملزمان اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سب انسپکٹر ابو بکر جاوید مقدمہ نمبر 108/26 بجرم 392 ت پ میں ملزمان کی برآمدگی کے بعد انہیں واپس تھانے منتقل کر رہے تھے کہ ڈپ نزد ڈیرہ گلیال پہنچنے پر ملزمان کے ساتھیوں نے اپنے ساتھیوں کو چھڑانے کی کوشش میں پولیس پارٹی پر اچانک فائرنگ شروع کر دی۔
فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو ملزمان محمد نقیب اور محمد آفتاب زخمی حالت میں پائے گئے جبکہ کانسٹیبل گوہر علی 10/C بھی زخمی ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر آر ایچ سی ہسپتال للِہ منتقل کیا جا رہا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔



