رورل ہیلتھ سنٹر میں 3 روزہ چیف منسٹر اسپیشل سکریننگ کیمپ کا انعقاد

دینہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت رورل ہیلتھ سنٹر دینہ میں 3 روزہ چیف منسٹر اسپیشل سکریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا افتتاح سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض نے کیا۔

افتتاحی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صحت کے شعبے میں عوامی فلاح کے لیے اہم اقدام اٹھایا ہے، جہاں ایک ہی چھت تلے عوام کو مختلف طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کیمپ میں شہری اپنی صحت سے متعلق تمام ضروری ٹیسٹ مفت کروا سکتے ہیں جبکہ مفت ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں، جو غریب عوام کے لیے بڑی سہولت ہے۔

مہر محمد فیاض کا کہنا تھا کہ ایسے افراد جو پرائیویٹ ٹیسٹ کروانے کی استطاعت نہیں رکھتے، ان کے لیے یہ کیمپ کسی نعمت سے کم نہیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنی صحت کے حوالے سے آگاہی حاصل کریں اور اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوگ اکثر بیماریوں کو سنجیدگی سے نہیں لیتے اور بعد میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے ہر شخص کو اپنی صحت کے معائنے ضرور کروانے چاہئیں۔

ڈپٹی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ارشاد تونو نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور سیکرٹری ہیلتھ کی خصوصی ہدایات پر دینہ میں یہ صحت میلہ لگایا گیا ہے، جس کا مقصد عام آدمی کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیمپ میں ہر قسم کے لیبارٹری ٹیسٹ، حاملہ خواتین کا معائنہ و علاج، بچوں کے حفاظتی ٹیکے، شوگر، ٹی بی اور پھیپھڑوں کے امراض کا چیک اپ اور مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ڈاکٹر ارشاد تونو نے عوام سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس کیمپ سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کیمپ 14، 15 اور 16 مئی تک صبح 8 بجے سے دوپہر 3 بجے تک جاری رہے گا۔

افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر جواد احمد انچارج رورل ہیلتھ سنٹر دینہ، راجہ لیاقت علی، میاں عتیق، راجہ ساجد نواز، سید افتخار حسین شاہ اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button