کسان ‘اپنا کسان’ کارڈ بنوائیں اور اس سبسڈی سے فائدہ اٹھائیں، سید شاہد افتخار بخاری

سوہاوہ: سیدشاہد افتخاربخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے چار سو ارب روپے کی کسانوں کو کسان پیکج، گرین ٹریکٹر سکیم، کھادوں، زرعی زہریں اور دیگرزرعی آلات پر سبسڈی دی جارہی ہے جو کسان کارڈ کے ذریعے ممکن ہوگی۔
ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع راولپنڈی ڈویژن سیدشاہد افتخار بخاری نے سوہاوہ محکمہ زراعت کے آفس میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے اعلان کے بعد کسان کارڈ اور گرین ٹریکٹرسکیموں کے حوالے سے میڈیاسے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسان "اپناکسان” کارڈ بنوائیں اور اس سبسڈی سے فائدہ اٹھائیں۔ کسان کےنام زمین ہو، کسان خود کاشت کرتا ہو، سم اپنے نام ہو اور شناختی کارڈ ایکسپائرنہ ہووہ کسان کارڈ کیلئے اہل ہوگا جبکہ کسان کارڈ کیلئے اپلائی اس طرح کرناہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ اپلائی کرنے کے لئے اپنے میسج باکس میں جا کر PKC سپیس شناختی کارڈ نمبر بغیر ڈیش کے لکھ کر 8070 پر میسج کر دیں۔ اراضی ریکارڈ سینٹر اور نادرا کی طرف سے تصدیق ہونے کے بعد آپ کو جواب موصول ہو جائے گا۔ اس کے بعد کسان کو اس کے نزدیک ترین بینک آف پنجاب کی طرف سے بلایا جائے گا اور کسان کارڈ کسان کر حوالے کیا جائے گا۔ اس کسان کارڈ سے کسان زرعی ادویات،بیج اور کھادیں حاصل کرسکیں گے۔
سیدشاہد افتخاربخاری نے کہا کہ چھ ماہ کے بعد وہ رقم اپنی فصل فروخت کرکے ادا کرنی ہوگی۔ وقت پر ادا نہ کرنے کی صورت میں 29فیصد جرمانہ عائد ہوگا۔ گرین ٹریکٹر سکیم میں پہلے 6 ایکڑ تا 50 ایکڑ والے کسان درخواست دے سکتے تھے مگر کسانوں کے تحفظات کو اعلی حکام تک پہنچایا گیا، جس پر اب 50 سے 65 ہارس پاور ٹریکٹر کے لیے ایک تا 12 اعشاریہ 5 ایکڑ رقبے والے کسان درخواست دینے کے لیے اہل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 75 تا 85 ہارس پاور ٹریکٹر کے لیے 12 اعشاریہ 5 سے 50 ایکڑ رقبے والے کاشت کار حضرات درخواست دے سکتے ہیں۔مزید اس سکیم میں ٹریکٹر کی تعداد 10000 سے بڑھا کر 20000 کر دی گئی ہے۔ اس سکیم میں شمولیت کے لیے کسان کا خود کاشتکار ہونا ضروری ہے۔ ٹریکٹر سکیم میں 8کنال سے 400کنال تک کے کسان ٹریکٹر سکیم میں حصہ لے سکتے ہیں۔اس میں پہلے آئیں پہلے پائیں کی صورت میں دیے جائیں گے۔
میٹنگ میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع جہلم چوہدری عابد جاوید، زراعت آفیسر ڈومیلی رمیض راجہ، فوکل پرسن محکمہ زراعت شکیل کھٹانہ بھی موجود تھے۔



