جہلم میں حادثات میں اضافہ، موٹروہیکل ایگزمینر اور ٹریفک پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے

جہلم کے شہریوں اور مضافاتی علاقوں میں حادثات میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، جس کے نتیجے میں موٹروہیکل ایگزمینر اور ٹریفک پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں ہونے والے حادثات کی بنیادی وجہ چنگ چی، لوڈر رکشوں اور ٹریکٹر ٹرالیوں کے پیچھے بریک بتی اور اشاروں کا نہ ہونا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس اور موٹروہیکل ایگزمینر کو چاہیے کہ چنگ چی، لوڈر رکشوں اور ٹریکٹر ٹرالیوں پر بیک بتی اور ریفلیکٹر چسپاں کروائیں تاکہ حادثات میں کمی واقع ہو سکے۔
اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں نے کہا کہ چنگ چی، لوڈر رکشوں اور ٹریکٹر ٹرالیوں کے ڈرائیورز بیک اور بریک بتیاں لگانا اپنی توہین سمجھتے ہیں، جس کی وجہ سے دھند کے دوران اکثر و بیش تر حادثات رونما ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ، تعمیراتی میٹریل، بھٹہ خشت، کوئلہ اور نمک لوڈ کرنے والی ٹرالیوں میں بھی کسی قسم کی لائٹس نہیں ہوتیں، جو کہ ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
شہریوں نے مزید مطالبہ کیا کہ ٹریفک پولیس اور موٹروہیکل ایگزمینر کو چاہیے کہ وہ سڑکوں پر چلنے والی ایسی ٹرانسپورٹ، جن میں چنگ چی، لوڈر رکشے اور تعمیراتی سامان لوڈ کرنے والی ٹرالیوں کا شمار ہوتا ہے، کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں کریں اور ٹرالیوں کے پیچھے ریفلیکٹر چسپاں کروائیں تاکہ دھند کے دوران حادثات میں کمی آ سکے۔
شہریوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ، ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس اور ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب رانا محمد اشفاق سے اس مسئلے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔



