راولپنڈی ڈویژن کے اساتذہ 24 ستمبر کو اپنے حقوق کے حصول کیلئے احتجاجی مظاہرہ کریں گے، محمد احسان الٰہی شاکر

جہلم: گرینڈٹیچرزالائنس کے پلیٹ فارم سے 24ستمبربروز منگل صبح 10بجے پریس کلب لیاقت باغ راولپنڈی کے سامنے راولپنڈی ڈویژن کے مردوخواتین اساتذہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔جہلم سے اساتذہ کا ایک بڑاقافلہ گرینڈ ٹیچرزالائنس جہلم کے کنوینر محمدافضل میر کی قیادت میں اس احتجاجی مظاہرے میں شرکت کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار پنجاب ایجوکیٹرزایسوسی ایشن کے ضلعی صدر اور گرینڈ ٹیچرزالائنس کے ضلعی کوآرڈینیٹرمحمد احسان الٰہی شاکر نے ایک اہم اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے بڑے مطالبات میں پنجاب میں ہزاروں سکولوں کی نجکاری کی روک تھام، لیوانکیشمنٹ اور پنشن رولز میں ہونے والی ظالمانہ تبدیلیوں کاخاتمہ، چودہ ہزار ایس ایس ای اساتذہ اور اے ای اوز کی فوری اور غیرمشروط مستقلی اور پے اینڈ سروس پروٹیکشن شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گرینڈ ٹیچرزالائنس جہلم کے اس قافلے میں جہلم کی تمام اساتذہ تنظیموں کے قائدین اور دیگر اساتذہ شامل ہوں گے۔

محمد احسان الٰہی شاکر کا کہنا تھا کہ موجودہ پنجاب حکومت نے سرکاری سکولوں کو ٹھیکیداروںاور این جی اوز کے حوالے کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے اس سے عام آدمی کے بچے کے لیے تعلیم کاحصول ناممکن ہوجائے گا۔حکومت پنجاب نے پہلے دو فیزمیں 6ہزار سے زائد سکول ٹھیکیداروں اور این جی اوز کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ہم حکومت پنجاب کو یہ ظالمانہ اقدام نہیں کرنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 24ستمبر کو راولپنڈی اور 26ستمبر کو لاہور میں احتجاجی مظاہروں کے باوجود اگرہمارے یہ مطالبات نہ مانے گئے تو27ستمبر سے پنجاب بھرمیں تدریسی بائیکاٹ کرکے سکولوں کی مکمل تالا بندی کردی جائے گی جو ہمارے مطالبات پورا ہونے تک جاری رہے گی۔

تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button