سوہاوہ: گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ڈھوک مہر وارث میں عربی ٹیچر محمد ظریف کے اعزاز میں الوداعی تقریب

سوہاوہ: گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ڈھوک مہر وارث میں عربی ٹیچر محمد ظریف کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر سکول سٹاف کے علاوہ معزز مہمانان گرامی جن میں اے ای او مرکز بڑا گواہ فیصل ہاشمی، ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول ججیال ملک سفیر، مسعود (گورنمنٹ ہائی سکول پدھری) اور آصف محمود (گورنمنٹ ہائی سکول بڑا گواہ) شامل تھے نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
محمد ظریف تقریباً 40 سال تک تعلیمی خدمات انجام دینے کے بعد رخصت ہو رہے ہیں۔ ان کی مہمان نوازی، ملنساری، عاجزی اور خوش اخلاقی نے انہیں اساتذہ برادری میں ایک منفرد مقام عطا کیا۔ اہل علاقہ بھی انہیں بے حد عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے اعزاز میں یہ تقریب نہایت شاندار اور جذباتی انداز میں منعقد کی گئی۔
تقریب کے دوران مقررین جن میں ساجد محمود، محمد عرفان، ملک سفیر اور فیصل ہاشمی شامل تھے نے محمد ظریف کی علمی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ اساتذہ کرام نے انہیں پھولوں کے ہار پہنائے، تحائف پیش کیے، اور ان کی طویل خدمات کو سراہا۔
تقریب کے اختتام پر محمد ظریف کو جلوس کی شکل میں عزت و وقار کے ساتھ ان کے گھر تک پہنچایا گیا۔
اس موقع پر محمد ظریف نے کہا کہ وہ اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد بھی قوم کی خدمت کے لیے ہر وقت حاضر ہیں اور جہاں بھی ان کی ضرورت محسوس کی جائے گی، وہ خود کو پیش کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی خواہش ظاہر کی کہ ہر استاد کو اسی طرح عزت و احترام کے ساتھ رخصت کیا جائے۔



