آزاد وطن میں اپنی زندگی مکمل آزادی کے ساتھ گزارنے جیسی کوئی نعمت نہیں، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جہلم

جہلم: گلزار احمد خالد نے کہا ہے کہ آزاد وطن میں اپنی زندگی مکمل آزادی کے ساتھ گزارنے جیسی کوئی نعمت نہیں، آج ہم اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کے سبب ایک آزاد زندگی گزار رہے ہیں۔ 14 اگست کا دن اس ملک کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے عظیم شہدائے تحریکِ پاکستان کی قربانیوں کو یاد کرنے اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جہلم گلزار احمد خالد نے یہ بات سیشن کورٹ جہلم میں جشنِ آزادی کی خصوصی تقریب کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہی۔ سیشن جج جہلم کی ہدایت پر جج نعیم شہباز نے پرچم کشائی کی، جس میں ایڈیشنل سول جج فیاض الحسن، نعیم شہباز، مس شگفتہ، ظہیر عباس سول جج پی ڈی خان، ماتحت عدلیہ کے اہلکار، طلبہ و طالبات اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ملی نغمے اور قومی ترانے بھی پیش کیے گئے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جہلم گلزار احمد خالد نے تقریب کے دوران 78ویں یومِ آزادی کا کیک کاٹا اور شرکائے تقریب کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بچے ہمارے مستقبل کے معمار ہیں، جنہوں نے آئندہ اس ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالنی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ انہیں اس ملک کے قیام میں کردار ادا کرنے والی عظیم شخصیات اور ان کی قربانیوں سے روشناس کروایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ 14 اگست اس عزم کے اظہار کا دن ہے کہ ہم اس ملک کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اس کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر دیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button