صحافت مقدس پیشہ اور انسانیت کی خدمت کا بہترین ذریعہ ہے، احتشام ارشد کیانی


سوہاوہ: تحصیل پریس کلب سوہاوہ کا فل ہاؤس اجلاس سابق چیئرمین احسن وحید کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں سرپرست اعلیٰ حاجی راجہ تنویر پنوار، لیگل ایڈوائزر ایڈووکیٹ محمد زبیر چوہدری سمیت تمام ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس میں آئندہ سال 2025-2026 کے لیے ایگزیکٹو باڈی کا متفقہ طور پر اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر نو منتخب چیئرمین راجہ احتشام ارشد کیانی کو تمام ممبران اور عہدیداران نے خوش آمدید کہا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحصیل پریس کلب راجہ احتشام ارشد کیانی نے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے، اور آج کے دور میں یہ انسانیت کی خدمت کا بہترین ذریعہ ہے۔ تحصیل پریس کلب سوہاوہ عوام کے مسائل کو اعلیٰ حکام تک پہنچانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ تمام ممبران کے مشکور ہیں جنہوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین منتخب کیا۔ ہم عوام کی فلاح و بہبود کے لیے نیک نیتی اور خدمت کے جذبے کے تحت کام کریں گے اور مظلوموں کی آواز بنیں گے۔
اس موقع پر سرپرست اعلیٰ حاجی تنویر پنوار نے کہا کہ موجودہ دور میں حق کی آواز بلند کرنا انسانیت کی خدمت کا بہترین راستہ ہے۔ ہم سب کو متحد ہو کر عوامی مسائل کو اجاگر کرنا ہوگا تاکہ ادارے ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کر سکیں۔
اجلاس کے اختتام پر نو منتخب ایگزیکٹو باڈی کو مبارکباد پیش کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تحصیل پریس کلب سوہاوہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور مظلوموں کی آواز بلند کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔



