جہلم میں روٹی مہنگی، وزن کم؛ ہوٹل و تندور مالکان کی من مانیاں، شہری سراپا احتجاج

جہلم شہر اور گرد و نواح میں ہوٹلز اور تندور مالکان کی جانب سے روٹی کے وزن میں کمی اور قیمتوں میں بے جا اضافہ شہریوں کے لیے باعث تشویش بن گیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی موجودہ لہر میں جہاں بنیادی ضروریات پہلے ہی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو رہی ہیں، وہاں روٹی جیسی بنیادی خوراک کی قیمتوں میں اضافہ اور وزن میں کمی نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

ہوٹلوں اور تندوروں پر فروخت کی جانے والی روٹی کا وزن کم ہو کر 100 گرام سے بھی کم رہ گیا ہے، جبکہ قیمت 15 روپے سے بڑھا کر بعض جگہوں پر 50 روپے تک وصول کی جا رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ نہ صرف سراسر زیادتی ہے بلکہ حکومت کے جاری کردہ نرخ ناموں کی صریح خلاف ورزی بھی ہے۔

شہری حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض بااثر ہوٹل اور تندور مالکان راتوں رات امیر بننے کے چکر میں خود ساختہ نرخ مقرر کر کے ناجائز منافع خوری کر رہے ہیں۔ اس اقدام سے سب سے زیادہ متاثر غریب اور سفید پوش طبقہ ہو رہا ہے، جو پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے منافع خوروں کے خلاف فوری اور بلاتفریق کارروائی کی جائے، سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ روزمرہ کی زندگی تھوڑی آسان ہو سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button