خبردار! جہلم شہر کے سیف سٹی کیمرے ای چالان کے لیے مکمل فعال، ٹریفک خلاف ورزی پر چالان گھر پہنچے گا

جہلم شہر میں ٹریفک قوانین پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے مختلف مقامات پر نصب سیف سٹی سی سی ٹی وی کیمروں کو ای چالان کے لیے فعال کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے موٹر سائیکل سواروں، چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں، لوڈر اور چھوٹی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی نگرانی مزید مؤثر ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال سمیت دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی جائے گی، جس کے بعد قانون کے مطابق متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جہلم شہر کے مختلف مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے فعال ہونے کے بعد بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے افراد اور دوران ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ استعمال نہ کرنے والے ڈرائیورز کی نگرانی کی جائے گی۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ گاڑی یا موٹر سائیکل کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے اور ای چالان متعلقہ شہری کے گھر پہنچایا جائے گا۔
ٹریفک ماہرین کے مطابق سی سی ٹی وی نگرانی کے نظام کا بنیادی مقصد شہریوں کو محض جرمانوں کی زد میں لانا نہیں بلکہ ٹریفک قوانین کی پابندی کا شعور اجاگر کرنا اور سڑکوں پر ٹریفک حادثات کے خطرات کو کم کرنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کا استعمال صرف جرمانے سے بچنے کے لیے نہیں بلکہ انسانی جان کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔
شہری حلقوں نے جہلم شہر میں سی سی ٹی وی نگرانی کے نظام کو ای چالان کے لیے فعال کرنے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں کمی آئے گی اور شہر کی سڑکوں پر ٹریفک نظم و ضبط مزید بہتر ہوگا۔
تاہم شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی کرتے وقت قانون کی یکساں، شفاف اور بلاامتیاز پاسداری کو یقینی بنایا جائے تاکہ ٹریفک نظام میں بہتری کے ساتھ ساتھ شہریوں کا اداروں پر اعتماد بھی مزید مضبوط ہو۔



