جہلم میں موٹرسائیکلیں چوری اور گھروں میں چوریاں کرنے والے شانی گینگ کے 3 کارندے گرفتار

جہلم: ایس ایچ او تھانہ سٹی انیس الرحمٰن اور ٹیم کی اہم کارروائی، موٹرسائیکل چوری اور گھریلو چوریوں کے متعدد مقدمات میں ملوث شانی گینگ کے تین ملزمان گرفتار کر لئے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس تھانہ سٹی نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان سلیمان جاوید عرف شانی، ذوالفقار احمد اور وزیر گل کوٹریس کر کےگرفتار کرلیا، ملزمان موٹرسائیکل چوری و دیگر گھریلو اشیاء چوری کے مقدمات میں ملوث تھے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمان سے دوران ریمانڈ 10عدد مسروقہ موٹرسائیکل ،ایک چوری شدہ رکشہ، 3 عدد لیپ ٹاپ اور ایک موبائل فون برآمد کر لئے گئے ہیں۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید انکشافات بھی متوقع ہیں، ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود نے کہا کہ منظم گینگز کے خلاف موثر کارروائی سے ہی عوام الناس کے قیمتی اثاثوں کا تحفظ اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔



