وزیر اعلیٰ کے احکامات سچ ثابت نہ ہو سکے، جہلم میں صاف پنجاب پروگرام پر عملدرآمد نہ ہوسکا

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات سچ ثابت نہ ہو سکے، میونسپل کمیٹی و ضلعی انتظامیہ صفائی ستھرائی کے انتظامات کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام، حکومتی و مقامی انتظامیہ کے دعوے ٹھس ، صاف پنجاب پروگرام پر عملدرآمد نہ ہوسکا۔
اندرون شہر کے گلی محلوں میں کھڑا گندا پانی تعفن کا باعث بننے لگا انتظامیہ کی کارکردگی سوالیہ نشان بن گئی ۔ جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں گندگی سے شہریوں کا براحال ہے، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ، ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
شہری تنظیموں کے عمائدین نے اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہلم سمیت ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کا برا حال ہے، شہر سے ملحقہ آبادیوں کے عین وسط میں گندے پانی کے تالاب انتظامیہ کو منہ چڑھا رہے ہیں جبکہ سڑکوں کے اردگرد اورشہری آبادیوں کے خالی پلاٹوں میں کوڑے کچرے کے ٹیلے انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بنے ہوئے ہیں۔
اندرون شہر کے گلی محلوں میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جو کہ میونسپل کمیٹی کے شعبہ سینٹیشن برانچ کی کارکردگی پر نوحہ کناں ہیں۔
شہری تنظیموں نے نو تعینات ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی ، ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ شہر اور مضافاتی علاقوں میں گندگی کے ڈھیر تلف کروائے جائیں تاکہ گرمی کے موسم میں شہری بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔



