دریائے جہلم میں نہانے پر پابندی کی خلاف ورزی پر تین افراد گرفتار

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی جانب سے دریائے جہلم میں نہانے پر عائد پابندی کے باوجود قانون شکنی کرنے والے تین افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔
ضلعی انتظامیہ نے انسانی جانوں کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے دریاؤں، نہروں اور دیگر آبی ذخائر میں نہانے، تیرنے یا عبور کرنے پر دفعہ 144 کے تحت مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے۔
پولیس تھانہ کینٹ کی چوکی انچارج نے دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے تین افراد رئیس خان، رستم محمد اور محمد ذیشان کو موقع پر گرفتار کیا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے اور ایسی کسی بھی حرکت کو برداشت نہیں کیا جائے گا جس سے انسانی جان کو خطرہ لاحق ہو۔
انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو دریا، نہر یا ندی نالوں میں نہانے سے باز رکھیں، بصورت دیگر والدین کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے قانون کی مکمل پاسداری کریں اور غیر ضروری خطرات سے گریز کریں۔



