سوہاوہ میں منشیات فروش ساجد حسین عرف ساجو کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور جرمانے کی سزائیں

سوہاوہ: عدالت نے تھانہ سوہاوہ میں درج منشیات کے مقدمہ نمبر 417/24 بجرم CNSA 9(1)6C/9(1)3e کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم ساجد حسین عرف ساجو کو جرم ثابت ہونے پر سخت سزائیں سنا دیں۔
مجرم ساجد حسین عرف ساجو پر منشیات فروشی کا سنگین الزام تھا، جس پر جہلم پولیس نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے مجرم کو سال 2024 میں گرفتار کیا۔ پولیس نے جدید طریقۂ تفتیش اپناتے ہوئے ملزم کو ٹریس کیا اور ناقابل تردید شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں جمع کرایا۔
عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مجرم کو مقدمہ نمبر 417/24 میں ایک مقدمہ کے تحت عمر قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ اسی مقدمے میں ہیروئن رکھنے کے جرم میں مزید 11 سال قید اور 1 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے مقدمہ کی مؤثر پیروی اور شفاف تحقیقات پر انوسٹیگیشن اور لیگل ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ منشیات فروش معاشرے کے لیے ناسور ہیں، جن کے خاتمے کے لیے جہلم پولیس پوری جانفشانی سے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔



