جہلم میں چلڈرن غزہ مارچ کا انعقاد، بچوں کی بڑی تعداد میں شرکت

جہلم: بزمِ پیغام جہلم کے تحت چلڈرن غزہ مارچ کا انعقاد کیاگیا جس کاآغاز نرالہ مارٹ سے ہوااور شاندار چوک پرجاکراختتام پذیر ہوا۔
غزہ مارچ میں بچوں کی ایک بڑی تعداد نے مارچ میں شرکت کی، بچوں نے ہاتھوں میں فلسطین کے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے اور فلسطین کے حق میں خوب نعرے لگائے۔
اس موقع پر بچوں کا کہناتھا کہ جہلم کے زندہ دل نوجوان غزہ میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کی آواز بننے کے لیے اکٹھے ہوئےہیں جو 230 دنوں سے ظلم و جبر کا شکار ہیں۔ نعروں اور عزم کے ساتھ وہ غزہ کے بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس بات کا اظہار کرتے ہیں کہ فلسطین کی آزادی وہاں کے مسلمانوں کا بنیادی حق ہے۔
بچوں کا مزید یہ کہنا تھا کہ ہم چھوٹے ضرور ہیں مگر مسجد اقصی کی اہمیت کو جانتے ہیں۔مسجد اقصی کی حرمت کے لئے قربانی دینا نہ صرف فلسطینی بچوں کا فرض ہے بلکہ عالم اسلام کے ہر بچے کا فرض ہے۔
بچوں کا کہنا تھا کہ وہ اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے اور غزہ کے مسلمانوں کی مدد کے لئے ہر ممکن کوشش کرنے کا عزم کرتے ہیں۔ ان کی آوازیں گلیوں میں گونجتی ہیں، یہ ایک طاقتور یاد دہانی ہے کہ ہم میں سے سب سے چھوٹا بھی فرق کر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئیے ہم سب ان کی آواز بلند کرتے رہیں اور فلسطین کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتے رہیں گے۔



