جہلم میں الیکٹرک بس سروس کے افتتاح کی تیاریاں، اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کا انعقاد

55
جہلم میں ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن اور ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی زیر صدارت الیکٹرک بس سروس کے افتتاح کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ پولیس، ضلع کونسل، روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران بس سروس کے باقاعدہ آغاز کے لیے روڈ کی صفائی، سکیورٹی کے انتظامات اور دیگر ضروری انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ محکموں کو اہم ہدایات جاری کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ الیکٹرک بسوں کا یہ منصوبہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے شہریوں کے لیے ایک تاریخی تحفہ ثابت ہوگا، جس سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کا نظام جدید ہوگا بلکہ اسموگ اور فضائی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو سختی سے ہدایت کی کہ بسوں کے لیے مخصوص روٹس سے تمام تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے اور سڑکوں کی صفائی ستھرائی کے ساتھ مرمت کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ جدید بسوں کی روانی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے سکیورٹی پلان کے حوالے سے کہا کہ بس اسٹاپس اور روٹس پر پولیس کی پیٹرولنگ اور نفری میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ مسافروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
اجلاس میں شریک تمام محکمہ جاتی افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے اس منصوبے کی کامیابی کے لیے بھرپور تعاون کریں تاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شہریوں کو سستی اور آرام دہ سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔



