پنڈدادنخان میں بھائی نے غیرت کے نام پر سگی بہن کو قتل کر دیا، ملزم ایئرپورٹ سے گرفتار

پنڈدادنخان کے علاقے جلالپور شریف میں بھائی نے غیرت کے نام پر اپنی بہن کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا، پولیس نے ملزم کو ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقے جلالپور شریف میں غیرت کے نام پر ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں بھائی نے اپنی سگی بہن میمونہ عارف کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ میمونہ عارف دو بچوں کی ماں تھی اور اس کی دو شادیاں ہو چکی تھیں۔ مقتولہ کی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوئی جبکہ دوسرے شوہر سے خلع کا مقدمہ عدالت میں زیر سماعت تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کے بھائی محمد اویس عارف اور والد محمد عارف کو اس کے کردار پر شک تھا، جس کے باعث ملزم نے والد کی ایماء پر بہن کو قتل کیا۔
واقعے کے بعد مقتولہ میمونہ کی لاش محلے کی گلی سے ملی جسے تھانہ جلالپور شریف پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال پنڈدادنخان منتقل کر دیا۔
واقعہ کے فوری بعد ملزم محمد اویس عارف بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش میں تھا، مگر جہلم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔ ڈی پی او جہلم کی ہدایت پر ڈی ایس پی پنڈ دادنخان کی نگرانی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی، جس نے سائنسی اور جدید تفتیشی طریقہ کار کے تحت ملزم کو قلیل وقت میں ٹریس کر کے گرفتار کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا اور قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔



