جہلم میں تعلیمی خاندانی منصوبہ بندی میلے کا انعقاد، زچہ و بچہ کی صحت سے متعلق شعور اجاگر کیا گیا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ضلعی دفتر آبادی بہبود جہلم کی جانب سے ورلڈ بینک کے تعاون سے ماڈرن بازار میں ایک شاندار "تعلیمی خاندانی منصوبہ بندی میلہ” منعقد کیا گیا۔

اس میلے کا بنیادی مقصد عوام الناس میں زچہ و بچہ کی صحت، خاندانی منصوبہ بندی اور بچوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔ میلے میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خاندانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، جس سے اس پروگرام کی کامیابی اور عوامی دلچسپی کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

میلے کو دلچسپ اور معلوماتی بنانے کے لیے متعدد تعلیمی و تفریحی سرگرمیاں ترتیب دی گئی تھیں، جن میں صحت مند ماں اور بچے کا مقابلہ، کوئز، ٹیبلو اور روایتی کھیل جیسے رسہ کشی شامل تھے۔ اس کے علاوہ دستکاری، جیولری اور روایتی کھانوں کے اسٹالز نے میلے میں ثقافتی رنگ بھر دیا، جہاں شرکاء اور بچوں میں تحائف اور شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے اس پروگرام کو سراہا اور کہا کہ ایسے معلوماتی پروگرام شہریوں میں شعور بیدار کرنے اور ایک صحت مند، مضبوط اور خوشحال معاشرے کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خضر حیات خان اور ڈاکٹر جواد بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے، جبکہ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر حسن خالد وڑائچ نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ ایسے پروگراموں کی بھرپور سرپرستی جاری رکھے تاکہ شہریوں کو صحت اور خاندانی بہبود کے متعلق بہترین آگاہی فراہم کی جا سکے۔ تقریب میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ صحت مند مائیں ہی ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی ضامن ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button