دس سال گزر گئے، یو سی کوہالی کا چوری شدہ بجلی ٹرانسفارمر تاحال نصب نہ ہو سکا

سوہاوہ کے نواحی علاقے یونین کونسل کوہالی میں بجلی کے ٹرانسفارمر کی عدم دستیابی ایک سنگین عوامی مسئلہ بن گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق تقریباً دس سال قبل یونین کونسل کوہالی کا بجلی ٹرانسفارمر چوری ہو گیا تھا، تاہم ایک دہائی گزرنے کے باوجود اس کی جگہ نیا ٹرانسفارمر نصب نہیں کیا جا سکا۔

ٹرانسفارمر کی عدم تنصیب کے باعث یونین کونسل کوہالی کا دفتر اور وہاں قائم گورنمنٹ پرائمری سکول برائے طالبات آج بھی بجلی کی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے یونین کونسل دفتر میں سرکاری و دفتری امور کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ سکول میں زیرِ تعلیم طالبات کی تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ بالخصوص گرمیوں کے موسم میں بجلی کی عدم دستیابی کے باعث مشکلات میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔

اہلِ علاقہ نے محکمہ واپڈا اور ضلعی انتظامیہ کی مبینہ عدم توجہی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ آخر دس سال کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود علاقے کی اس بنیادی ضرورت کو پورا کیوں نہیں کیا جا سکا؟ ایک سرکاری دفتر اور بچیوں کے تعلیمی ادارے کو بجلی جیسی بنیادی سہولت سے محروم رکھنا متعلقہ محکمے کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہے۔

اہلِ علاقہ اور عوامی حلقوں نے محکمہ واپڈا کے اعلیٰ حکام، ایکسین اور ایس ڈی او سوہاوہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس دیرینہ مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے یونین کونسل کوہالی میں ہنگامی بنیادوں پر نیا بجلی ٹرانسفارمر نصب کیا جائے تاکہ یونین کونسل دفتر اور طالبات کے سکول کو بجلی کی بنیادی سہولت میسر آ سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button