امارات کا رہائشی ویزہ کی خلاف ورزی پر 2 ماہ کی رعایتی مدت کا اعلان


ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے رہائشی ویزہ کی خلاف ورزی پر 2 ماہ کی رعایتی مدت کا اعلان کردیا۔
اماراتی میڈیا کے مطابق یو اے ای حکومت نے ملک میں قیام کی غرض سے رہائشی ویزہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 2 ماہ کی رعایتی مدت دینے کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹس سکیورٹی کا کہنا ہے کہ یکم ستمبر 2024ء سے شروع ہونے والی رعایتی مدت کے دوران ویزہ ختم ہونے کے بعد متحدہ عرب امارات میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو اپنے قیام کو قانونی حیثیت دینے یا کسی بھی قسم کے جرمانے کی ادائیگی کے بغیر ملک چھوڑنے کی اجازت ہوگی۔
اسی طرح متحدہ عرب امارات نے سیاحتی ویزوں کے ساتھ ہیلتھ انشورنس شروع کرنے کے نئے منصوبے کا بھی اعلان کیا ہے، اماراتی حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سیاحتی ویزوں کے لیے ہیلتھ انشورنس اس کے نئے منصوبوں میں شامل ہے، جس کے تحت ایک نیا پراجیکٹ جلد ہی متحدہ عرب امارات آنے والے سیاحوں کو ہیلتھ انشورنس حاصل کرنے میں مدد کرے گا، یہ ویزہ کے لیے درخواست دیتے وقت ممکن ہوگا، تاہم فوری طور پر واضح نہیں ہوا کہ یہ منصوبہ کب شروع کیا جائے گا۔
اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سہیل سعید الخیلی نے بتایا کہ اس پراجیکٹ سے سیاحوں کو آئی سی پی کی ویب سائٹ یا ایپ کے ذریعے اپنے ویزوں کے لیے آن لائن درخواست دینے کے دوران ہیلتھ انشورنس حاصل کرنے میں مدد ملے گی، منصوبے کا مقصد ہنگامی صورتحال میں ہیلتھ کور فراہم کرنا ہے، یہ ایک الیکٹرانک پلیٹ فارم کے ذریعے ہیلتھ انشورنس حاصل کرنے کے عمل کو خود کار بنائے گا جو متحدہ عرب امارات میں تمام بڑی انشورنس کمپنیوں سے پیکجز کی قیمتوں اور اجراء کا انتظام کرے گا۔



