ریسکیو 1122 جہلم کا بارشوں سے بچاؤ کے لئے آگاہی مہم کا آغاز

جہلم: ریسکیو 1122 جہلم نے حالیہ شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلع بھر میں بارشوں سے بچاؤ کے لیے خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم انجینئر سعید احمد نے کہا ہے کہ محفوظ اور بہتر انخلاء کے لیے شہریوں کو بروقت آگاہی فراہم کرنا نہایت ضروری ہے تاکہ کسی بھی جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
ریسکیو 1122 کی جانب سے محکمہ موسمیات کی جاری کردہ شدید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد ضلع جہلم کی مختلف مساجد سے اعلانات کا سلسلہ جاری ہے تاکہ شہریوں کو پیشگی خبردار کیا جا سکے اور وہ حفاظتی تدابیر اپنا کر اپنی جان و مال کی حفاظت یقینی بنا سکیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے کہا کہ بارش کے دوران بلاوجہ گھروں سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں. نشیبی جگہوں اور گڑھوں میں جمع پانی میں داخل نہ ہوں، بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دور رہیں، گھروں کے اردگرد پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور تمام ضروری مرمت بروقت مکمل کروائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گھروں کی چھتوں پر پانی جمع نہ ہونے دیں اور نکاسی آب کے تمام راستوں کو کھلا رکھیں۔ بارش کے دوران سفر کے دوران اگر بارش شدید ہو جائے تو محفوظ مقام پر رُک جائیں اور بارش تھمنے کا انتظار کریں، بہتے ہوئے پانی میں گاڑی یا موٹرسائیکل لے جانے سے گریز کریں تاکہ کسی حادثے سے بچا جا سکے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم انجینئر سعید احمد نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے ریسکیو 1122 کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو ٹیم سے رابطہ کریں تاکہ بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔



