جہلم پولیس کا سماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن، 2 ملزمان منشیات اور اسلحہ سمیت گرفتار

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر سماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ حالیہ کارروائیوں میں پولیس نے منشیات اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی پولیس نے ایس ایچ او کی قیادت میں منشیات فروش کے خلاف اہم کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے ایک کلوگرام سے زائد چرس برآمد کی گئی۔ ملزم کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب تھانہ ڈومیلی پولیس نے بھی کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کیا جو ناجائز اسلحہ اپنے قبضے میں رکھے ہوئے تھا۔ کارروائی کے دوران ملزم سے 30 بور پسٹل بمعہ ایمونیشن برآمد کیا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے اسلحہ کو قبضے میں لے لیا۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کا کہنا ہے کہ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں اور ان کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ اسی طرح ناجائز اسلحہ رکھنے والے عناصر کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ ضلع کو پرامن اور محفوظ بنایا جا سکے۔



