مون سون کا نیا اسپیل داخل، ضلع جہلم سمیت پنجاب بھر میں موسلا دھار بارشوں کا امکان

جہلم: مون سون کا نیا اسپیل پاکستان میں داخل ہو چکا ہے، جس کے بعد جہلم سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ فعال ہو گیا ہے، جو آئندہ چند روز تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
جہلم شہر اور گردونواح میں دن بھر شدید گرمی، حبس اور خشک موسم نے شہریوں کو بے حال کیے رکھا، تاہم محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ رات گئے گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے، جو موسم کی شدت کو کم کر سکتی ہے۔
آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ضلع جہلم میں کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مون سون کا بارش برسانے والا سسٹم دوبارہ پاکستان میں داخل ہو چکا ہے، جس کے باعث تیز ہواؤں، گرج چمک اور وقفے وقفے سے شدید بارشیں ہو سکتی ہیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے محفوظ رہا جا سکے۔



