جعلی مینڈیٹ والوں نے ملک و قوم کو قرضوں کے سونامی کے حوالے کر دیا، تحریک انصاف نارتھ ویسٹ

گریٹر مانچسٹر / بولٹن: تحریک انصاف نارتھ ویسٹ نے کہا ہے کہ جعلی مینڈیٹ کے ذریعے عوام کو سہانے خواب دکھانے والی نااہلوں کی حکومت نے بدترین مہنگائی کے بعد ملک اور قوم کوبدترین قرضوں کے سونامی کے حوالے کر دیا ہے۔ آئی ایم ایف کی جانب سے حکومت کے قرضے لینے کی یہی رفتار رہی تو نہ صرف موجودہ بلکہ آنے والی نسلیں قرضے تلے دب کر رہ جائیں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نےانٹراپارٹی الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف نارتھ ویسٹ کے صدر آصف رشید بٹ نے کہا غیر ملکی قرضوں کے علاوہ مالیاتی اداروں سے لئے گئے قرضوں کو نام نہاد تبدیلی کی خاطر حکومت کی طرف سے عوام کیلئے تباہی کا سونامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہزاروں اربوں کا قرضہ آنے والی نسلوں کا جینادوبھر کر دے گا۔ پاکستان کو مہنگائی اور غیرملکی قرضوں میں ڈوبنے سے بچانے کیلئے تحریک انصاف کے قائد عمران خان ریاست کی بقا کی آخری امید ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے قرضے لینے کی یہی رفتار رہی تو پاکستان کی آنے والی نسلیں قرضوں کے بوجھ میں دبی رہیں گی اور پاکستان کبھی بھی اقوام عالم میں خودمختار ملک کی حیثیت سے کسی بھی قسم کا کردار ادا کرنے سے محروم رہے گا۔ ملک معاشی اور سیاسی دلدل میں دھنس رہا ہے جس سے نکلنے کیلئے حکمت عملی کا فقدان نظر آرہا ہے۔ معاشی سیاسی اور احتسابی معاملات کو گڈمڈ کر دیا گیا ہے جبکہ عملی طور پر پاکستان کی معیشت کی بھاگ ڈور آئی ایم ایف کے سپرد کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا میرے وطن کے لوگ انتہائی مشکل دور سے گزر رہے ہیں عوام کو بنیادی سہولت تک میسر نہیں حکمران طبقہ دعویٰ چاند پر جانے کا کر رہے ہیں لیکن عوام کو اسپرین اور پیناڈول کی گولی تک میسر نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ اگر ایسی صورتحال برقرار رہی تو کٹھ پتلی حکومت کو جلد ہی چلتا کر دیا جائے گا اور عمران جیل سے رہا ہوکر حکومت کی بھاگ ڈور سنبھالیں گے جس سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔
جنرل سیکرٹری شاہد اقبال نے کہا کہ آٹا ، گھی، چینی بلکہ خوردونوش کی تمام چیزوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے عام آدمی کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔ حکومت ہوائی اعلانات کے ذریعے عوام کو جو سبز باغ دکھا رہی ہے اس میں ذرا بھر بھی حقیقت نہیں حقیقت تو یہ ہے کہ غریب سے غریب تر اور امیرسے امیرتر ہوتا جا رہا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ سرے محل اور ایون فیلڈ محلوں کو ملک اور قوم کو تحفے میں دے کر فروخت کر دیا جائے تاکہ غربت میں کمی لائی جا سکے۔
دیگر مقررین میں چوہدری اخلاق احمد وڑائچ، جاوید اکبر بھٹی ایڈووکیٹ، علی احمد اعوان، چوہدری شاہد انور نے کہا ہے کہ ماضی میں قومی وسائل پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو گرفت میں لانے کی بجائے انہیں تمام مقدمات میں کلین چٹ دے کر عوام کے سروں پر مسلط کر دیا گیاہے جس سے عام آدمی غربت کی لکیر کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا موجودہ صورتحال سے نکلنے کا واحد راستہ یہی ہے کہ سیاستدانوں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کا موقع دیاجائے جبکہ دیگر رہنمائوں میں سید علی رضا، بابر حسین شاہ، سلیمان شاہ اور بنارس خان نے کہا کہ برطانیہ بھر میں ممبرسازی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس موقع پر لیبر پارٹی کی امیدوار یاسمین قریشی نے تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب سے قبل یاسمین قریشی نارتھ ویسٹ برطانیہ کے صدر آصف رشید بٹ اور دیگر نے ایک ریستوران جس کا نام مرشد قیدی نمبر 804کا افتتاح بھی کیا۔



