دینہ میں دروازہ کھٹکھٹانے پر بچے پر بہیمانہ تشدد، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، پولیس متحرک، ملزم گرفتار

دینہ میں دروازہ کھٹکھٹانے پر ایک شخص نے بچے کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کے علاقے نیا محلہ ریلوے اسٹیشن میں ایک شخص کی جانب سے دروازہ کھٹکھٹانے پر کمسن بچے کو مبینہ طور پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس متحرک ہو گئی۔
وسیم نامی شخص نے مبینہ طور پر دروازہ کھٹکھٹانے پر بچے کو جوتوں اور تھپڑوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعہ کے دوران بچے کی چیخ و پکار سن کر اہلِ محلہ موقع پر پہنچ گئے اور بچے کو ملزم سے چھڑایا۔
واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچے پر تشدد کرنے والے وسیم نامی شخص کو حراست میں لے لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچوں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور واقعہ کے حوالے سے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔



