دینہ میں شادی والا گھر ماتم کدہ بن گیا، بیٹے کی شادی کے دن باپ انتقال کر گیا

دینہ میں خوشیوں سے بھرپور شادی والا گھر اچانک غم میں بدل گیا، دولہے کے والد اور ہر دلعزیز شخصیت حاجی الیاس احمد خالق حقیقی سے جا ملے۔ بیٹے کی شادی کے دن باپ کے انتقال نے پورے علاقے کو غمگین کر دیا اور خوشیوں بھرے گھر میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کی یونین کونسل مغل آباد کے گاؤں پرانا کھٹانہ کے رہائشی حاجی الیاس احمد کے دو بیٹوں فہیم عباس اور فرحان عباس کی شادی کی تقریبات جاری تھیں۔ فرحان عباس کی شادی کے دن اچانک حاجی الیاس احمد انتقال کر گئے۔ چند گھنٹے قبل جو گھر خوشیوں اور خوبصورت لائٹنگ سے مزین تھا وہ غم میں ڈوب گیا۔
مرحوم حاجی الیاس احمد، حاجی منیر احمد کے بھتیجے، حاجی رخسار احمد، سجاد احمد اور مختار احمد کے بھائی تھے۔ وہ شمشیر عباس، کلیم عباس (ASI)، فہیم عباس، اور فرحان عباس کے والد اور عمیر ڈوڈی کے تایا جان تھے۔ ان کی اچانک وفات پر علاقے کی ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔
مرحوم کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، جس سے ان کی شخصیت کی مقبولیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ جنازے کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ ان کے انتقال پر اہل خانہ اور علاقے کے لوگوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔



