پنڈدادنخان کھیوڑہ روڈ پر سفر کرنا دشوار، گرد و غبار سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا

پنڈدادنخان سے للِہ،جلالپور شریف اور جہلم کا سفر کرنے والے ہزاروں ٹرانسپورٹرز اور مسافر حضرات پہلے ہی للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے کی عدم تعمیر کے باعث عذاب میں مبتلا ہیں، رہی سہی کسر پنڈدادنخان کھیوڑہ روڈ پر موجود جپسم فیکٹریوں کی آلودگی سمیت تعمیراتی کمپنیوں نے نکال دی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں پنڈدادنخان کھیوڑہ روڈ پر سفر کرنا دشوار ہوگیا، دھول مٹی، گرد و غبار حلق میں جانے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پنڈدادنخان کھیوڑہ روڈ پر موجود جپسم فیکٹریاں،جلالپور کندوال نہر پر جاری کام اور پل کی تعمیر کی وجہ سے روڈ پر ہر طرف مٹی دھول اور گرد و غبار ہے۔
اس کی وجہ روزانہ سکول آنے جانے والے طلباء وطالبات، تاجر حضرات اور نوکری کی غرض سے آنے جانے والے سینکڑوں افراد شدید مشکلات کا شکار ہے۔ دھول مٹی اور نجی جپسم فیکٹریوں کی آلودگی کی وجہ سے شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
عوامی و سماجی حلقوں نے مقامی انتظامیہ سے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پنڈدادنخان کھیوڑہ روڈ پر تعمیراتی کمپنیاں پانی کے چھڑکاؤ کو یقینی بنائیں تاکہ روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں اس روڈ پر سفر کرنے والے افراد کی مشکلات میں کمی واقع ہوسکے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



