اسسٹنٹ کمشنر کا پنڈدادنخان کی نئی آبادی کا دورہ، صفائی کی صورتحال اور سڑکوں سے متعلق مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا

پنڈدادنخان: اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان عائشہ شفقت نے نئی آبادی پنڈدادنخان کا دورہ کر کے صفائی کی صورتحال اور سڑکوں سے متعلق مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کا مقصد عوامی سہولیات میں بہتری اور شہریوں کی شکایات کے بروقت اور مؤثر حل کو یقینی بنانا تھا۔
دورے کے دوران انہوں نے علاقے میں صفائی کے انتظامات، کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں اور سڑکوں کی خستہ حالی کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افراد سے مسائل سنے اور موجودہ صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فوری اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے میونسپل کمیٹی کے متعلقہ افسران کو سخت ہدایات جاری کیں کہ صفائی کے نظام کو فوری طور پر فعال اور مؤثر بنایا جائے، جبکہ سڑکوں کی مرمت اور بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی سہولیات کی بروقت فراہمی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار کو تیز کر کے شہریوں کو بہتر اور دیرپا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔



