مشکل وقت کے ساتھیوں کی حمایت کو کبھی فراموش نہیں کریں گے، شرافت علی، محمد اقبال

لیڈز: شرافت علی نے پہلی مرتبہ اور محمد اقبال نے آٹھویں مرتبہ لیڈز سٹی کونسل کا کونسلر منتخب ہونے پر تمام ساتھیوں کا سپورٹ اور ووٹ کا شکریہ ادا کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بریڈ فورڈ میں عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ لوکل کونسل الیکشن فلسطین اور اسرائیل جنگ کے باعث مشکل تھے تاہم مخلص ساتھیوں کی حمایت کے باعث اللہ کے فضل سے کامیابی حاصل ہوئی ہے ہم بھی فلسطینی بہن بھائیوں کے لیے اتنا ہی دکھ درد محسوس کرتے ہیں جتنا ہر مومن مسلمان اس وقت محسوس کر رہا ہے۔
عشائیہ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور درود سلام سے ہوا جس کی سعادت انجینئر فیض رسول نے حاصل کی، نقابت کے فرائض ریاست نجابت نے ادا کیے۔عشائیہ تقریب میں شرافت علی اور محمد اقبال کے قریبی ساتھیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ ہماپنے دائرہ اختیار میں رہ کر انسانیت کے خلاف ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کی ہے اور ہمیشہ کرتے رہیں گے بعض لوگوں نے اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے فلسطین اسرائیل جنگ کو اپنے حق میں استعمال کرنے کی کوشش کی ہے ہم پارٹی کے اندر رہ کر پالیسی سے اختلاف کر سکتے ہیں تاہم پارٹی چھوڑنا ہماری کمیونٹی کے ہر گز مفاد میں نہیں۔ کوئی ایسی پارٹی نہیں جس کی مسئلہ فلسطین پر پالیسی مختلف ہو۔ ہم پارٹی میں رہ کر اپنا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے ہم خیال ممبران کے ساتھ مل کر پارٹی پالیسی پر تنقید کر رہیں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم مشکل وقت کے ساتھیوں کی حمایت کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔تنہا کوئی کامیابی حاصل نہیں کی جاسکتی ۔ٹیم ورک نے یہاں تک پہنچایا ہے ، کوشش ہو گی کسی کو مایوس نہ کیا جائے، وارڈ کے ووٹرز نے نمائندگی کا اعزاز دیا ہے جن کے لیے دن رات حاضر رہیں گے، کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے دل و جان سے محنت کریں گے۔
تقریب میں مہاوا قربان، آصف قریشی، افتخار کلوال، واجد حسین نے بھی اظہار خیال کیا۔



