ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور جاری ترقیاتی اسکیموں، فنڈز کے استعمال، درپیش مسائل اور آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیے جائیں اور معیار پر کسی صورت سمجھوتا نہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی فلاحی منصوبوں میں شفافیت، رفتار اور مؤثر مانیٹرنگ کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی اسکیموں کی بروقت تکمیل سے نہ صرف عوام کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی بلکہ ضلع کی مجموعی ترقی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔
اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تمام منصوبوں کو مقررہ اہداف کے مطابق مکمل کر کے عوامی خدمت کو یقینی بنایا جائے گا۔



