عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو

1
جہلم: ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی زیرِ صدارت ڈی پی او آفس جہلم میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کی اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈی ایس پی ٹریفک، اسپیشل برانچ، پی ایچ پی، انچارج سیف سٹی جہلم، ڈسٹرکٹ انچارج ایلیٹ فورس، موٹر وے پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
میٹنگ میں ضلع جہلم میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، جرائم کی روک تھام، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد، حساس مقامات کی سکیورٹی اور عوامی مسائل کے بروقت ازالے سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران انٹیلی جنس شیئرنگ، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں اور اداروں کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ڈی پی او جہلم نے افسران کو ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری اور مربوط ردِعمل اختیار کیا جائے۔ مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے، سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز، ناکہ بندی اور سنیپ چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور پولیس سروس ڈیلیوری میں شفافیت اور بہتری لائی جائے۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ ضلع میں پائیدار امن کے قیام، جرائم کے خاتمے اور عوام کے اعتماد کے فروغ کے لیے تمام ادارے مشترکہ اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت کام کرتے رہیں گے۔
قبل ازیں ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی زیرِ صدارت ڈی پی او آفس میں ٹریفک قوانین کے نفاذ کے سلسلہ میں ٹریفک اسٹاف کے ساتھ بھی میٹنگ منعقد کی گئی، جس میں ضلع بھر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے، حادثات میں کمی لانے اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔
ٹریفک پولیس کو ہدایت دی گئی کہ بغیر لائسنس، کم عمر ڈرائیورز، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی، اوور اسپیڈنگ اور غلط پارکنگ کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جائیں۔ ڈی پی او نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سے نہ صرف حادثات میں کمی آئے گی بلکہ عوام کو محفوظ اور سہل سفر کی سہولت بھی میسر آئے گی۔
افسران و اہلکاران کو دورانِ ڈیوٹی خوش اخلاقی، قانون کے مطابق کارروائی اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت فرائض سرانجام دینے کی تلقین کی گئی، جبکہ ٹریفک اسٹاف کو ہدایت کی گئی کہ آگاہی مہمات کے ذریعے شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق شعور اجاگر کیا جائے اور روزمرہ بنیادوں پر مؤثر چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔



