جہلم میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی ناکامی، مرغی کا گوشت مہنگے داموں اور کم وزن میں فروخت ہونے لگا

جہلم: ضلع جہلم میں تین درجن پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد کروانے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔ مرغی کا گوشت فروخت کرنے والے دکاندار نہ صرف مقررہ قیمتوں سے زائد وصول کر رہے ہیں بلکہ کم تول کر عوام کو لوٹنے میں بھی مصروف ہیں۔ ان من مانیوں نے غریب اور سفید پوش طبقے کو شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں مرغی کا گوشت فروخت کرنے والے دکانداروں نے لوٹ مار کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ دکانداروں نے اپنی من مانی کے نرخ مقرر کر رکھے ہیں اور 1 کلو گوشت کی جگہ صرف 750 سے 800 گرام گوشت دے رہے ہیں۔

اس طرح شہریوں کا کھلے عام استحصال کیا جا رہا ہے جبکہ انتظامیہ سب کچھ جاننے کے باوجود خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، جو کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمتوں پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے عام آدمی شدید مشکلات کا شکار ہے۔

شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر میں نافذ اس جنگل کے قانون کا فوری نوٹس لیا جائے اور سرکاری نرخوں پر گوشت کی فروخت کو یقینی بنایا جائے۔ کم وزن گوشت فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان پر فوجداری مقدمات درج کیے جائیں تاکہ عوام کو اس استحصال سے نجات مل سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button