جہلم میں 18 سالہ جڑواں بھائیوں پر فائرنگ، ایک بھائی جاں بحق ، 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج

جہلم: تھانہ چوٹالہ کے علاقہ میں دیرینہ دشمنی پر مخالفین نے گھر میں گھس کر جڑواں بھائیوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک بھائی جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا، واقعہ کا مقدمہ پانچ نامزد اور ایک نامعلوم شخص کے خلاف درج کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے نواحی علاقہ چوٹالہ میں 18سالہ جڑواں بھائیوں پر فائرنگ کے واقعہ اور قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مقتول غلام فرید کے چچا کی مدعیت میں تھانہ چوٹالہ نے پانچ نامزد اور ایک نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق بیرون ملک مقیم مرزا فیصل اور مرزا قیصر کی ایماء پر غلام مصطفی، مرزا زین، مرزا نزاکت اور ایک نامعلوم شخص نے قتل کی واردات کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح ملزمان نے آج گھر میں گھس کر 18سالہ جڑواں بھائیوں پر فائرنگ کردی فائرنگ کے نتیجے میں غلام فرید موقع پر جاں بحق جبکہ جمشید شدید زخمی ہوگیا، ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتاری کے لئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔



