موبائل اور کمپیوٹر کے استعمال میں اعتدال انتہائی ضروری ہے، ڈاکٹر ندیم

جہلم: ڈاکٹر ندیم نے کہا ہے کہ آنکھوں کی حفاظت میں احتیاط ہی بہترین علاج ہے، اور موبائل و کمپیوٹر کا غیر ضروری یا مسلسل استعمال بینائی کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رضیہ فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر ندیم نے کہا کہ آنکھیں قدرت کا انمول تحفہ ہیں، جن کی حفاظت ہر فرد کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ موبائل فون، لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر کا طویل استعمال نوجوان نسل میں نظر کی کمزوری، خشک آنکھیں اور مستقل سردرد جیسے مسائل کا سبب بن رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آنکھوں کی بیماریوں کی عام وجوہات میں اسکرین کا زیادہ دیر تک استعمال، اندھیرے میں موبائل کا استعمال، متوازن غذا کی کمی، نیند کی کمی، دھوپ میں بغیر چشمے کے باہر نکلنا، اور حفظان صحت کے اصولوں سے غفلت شامل ہیں۔
ڈاکٹر ندیم نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ موبائل یا کمپیوٹر کا استعمال کرتے وقت ہر 20 منٹ بعد، 20 سیکنڈ کے لیے، 20 فٹ دور کسی چیز کو دیکھیں۔ اس آسان عمل سے آنکھوں کو سکون ملتا ہے اور بینائی متاثر ہونے سے بچائی جا سکتی ہے۔



