محلہ اسلام گنج مشرقی بلاک کھیوڑہ میں گیس پریشر کا مسئلہ حل، عوام نے اطمینان کا اظہار

پنڈدادنخان: محلہ اسلام گنج مشرقی بلاک کھیوڑہ میں سوئی گیس کے کم پریشر اور شدید سردی کے دوران سپلائی کی بندش جیسے دیرینہ مسئلے کو بالآخر حل کر دیا گیا۔

اس مسئلے کے باعث 500 سے زائد گھروں کے مکین شدید مشکلات کا شکار تھے اور انہیں کھانا پکانے کے لیے لکڑیوں، سلنڈرز اور تندوروں پر انحصار کرنا پڑ رہا تھا۔ خاص طور پر صبح کے وقت دفاتر، اسکولوں اور کالجوں جانے والے مرد و خواتین، طلبہ و طالبات، بزرگ اور مریض شدید پریشانی میں مبتلا تھے۔

علاقہ مکینوں کی مسلسل شکایات کے پیش نظر ایگزیکٹو انجینئر سوئی گیس آفس چکوال سید سرمد افتخار، ایسوسی ایٹ انجینئر چوہدری حبیب خان، اور سوئی گیس مقامی دفتر کے انچارج طاہر مجید کی خصوصی کاوشوں سے مسئلے کا مستقل حل نکالا گیا۔ بلدیہ کھیوڑہ کے تعاون سے محلہ کے پائپ لائن نیٹ ورک کو مین لائن سے منسلک کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں گیس پریشر میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

مقامی دفتر کے انچارج طاہر مجید نے کہا کہ محکمہ سوئی گیس ہمہ وقت صارفین کی خدمت کے لیے کوشاں ہے، تاہم شہریوں کو بھی چاہیے کہ وہ ملک میں قدرتی گیس کی قلت کے پیش نظر اس کا غیر ضروری استعمال نہ کریں۔ اس سے نہ صرف گیس کی بچت ہوگی بلکہ ان کے ماہانہ بلوں میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

اہلیانِ محلہ نے گیس پریشر میں بہتری کے لیے کیے گئے عملی اقدامات پر ایگزیکٹو انجینئر سید سرمد افتخار اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button