جہلم پولیس کا ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن، 2 نوجوان گرفتار، موٹر سائیکلیں ضبط

جہلم پولیس نے شاہراہِ عام پر ون ویلنگ اور تیز رفتاری کا مظاہرہ کرنے والے 2 نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی چاروں تحصیلوں (دینہ، جہلم، پنڈدادنخان، سوہاوہ) کے مختلف تھانوں کی پولیس نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے شہریوں کی جان کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے۔

ایس ایچ او تھانہ کالا گجراں اور ان کی ٹیم نے اہم کارروائی کرتے ہوئے شاہراہِ عام پر خطرناک انداز میں ون ویلنگ اور تیز رفتاری کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہا تھا، جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے اسے قابو کیا گیا۔ ملزم کے زیرِ استعمال موٹر سائیکل کو بھی قبضہ میں لے کر اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح ایس ایچ او تھانہ پنڈ دادنخان اور ان کی ٹیم نے بھی کارروائی کرتے ہوئے ون ویلنگ اور تیز رفتاری کے مرتکب ایک اور نوجوان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کی موٹر سائیکل قبضے میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں ون ویلنگ، ہلڑ بازی اور غیر قانونی ٹریفک سرگرمیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلے میں پولیس کی تمام ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں جبکہ شہر کی اہم شاہراہوں، بازاروں اور عوامی مقامات پر پکٹس ڈیوٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب تحصیل پنڈ دادنخان، للِہ انٹرچینج اور گردونواح میں ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، جہاں مشکوک افراد اور موٹر سائیکل سواروں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے واضح کیا ہے کہ ون ویلنگ اور تیز رفتاری جیسے خطرناک عمل کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں اور کسی بھی مشکوک یا غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button