جہلم کے شہریوں کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل

جہلم شہر اور گردونواح کے شہریوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو شدید الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے اس پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی کے طوفان نے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے، اور اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام کے لیے ناقابل برداشت ثابت ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس اقدام سے مہنگائی کی ایک نئی لہر جنم لے گی جو پہلے سے مشکلات کا شکار عوام کے لیے مزید پریشانیوں کا باعث بنے گی۔
شہریوں نے کہا کہ حکومت جب چاہے بجلی، گیس، اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیتی ہے، جس سے عام آدمی کی زندگی پر منفی اثر پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی تو اسے چاہیے کہ باعزت طریقے سے اقتدار چھوڑ دے۔
شہریوں نے حکومتی وزراء اور ممبران پارلیمنٹ کی غیر ضروری اخراجات پر بھی کڑی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی مشکلات میں مسلسل اضافے کے باوجود ممبران پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور مراعات میں بے پناہ اضافہ کیا جا رہا ہے جو کہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ عوام پر ان عیش و عشرت کا بوجھ ڈالنا سراسر ناانصافی ہے۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ امیروں کے مفادات کو ترجیح دینے کے بجائے غریب عوام کی مشکلات کو سمجھا جائے اور مہنگائی کو کم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو فوری طور پر ایسے فیصلے لینے چاہییں جو عوام کو ریلیف فراہم کریں تاکہ وطن عزیز کے غریب عوام اپنی زندگی کی مشکلات سے کسی حد تک نجات پا سکیں۔



