موسم گرما میں بھاری بلوں سے تنگ عوام کے لیے خوشخبری، بجلی کی قیمت میں بڑی کمی کا فیصلہ

موسم گرما میں بھاری بلوں سے تنگ عوام کو حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں بڑی کمی کی نوید سنا دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاور ڈویژن حکام نے بتایا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ 2 ماہ میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 6 سے 8 روپے کمی پر کام کیا جارہا ہے۔

پاور ڈویژن حکام کی جانب سے اس سلسلے میں بینکوں سے 1300 ارب روپے کا قرض حاصل کرنے کے لیے بھی بات چیت کی جارہی ہے۔

حکام کے مطابق بینکوں سے فکس ریٹ اور ٹائم کے لیے یہ قرض لیا جائےگا، جس سے گردشی قرض کا خاتمہ کیا جائےگا۔

پاور ڈویژن حکام کے مطابق آئی پی پیز سے بات چیت کے دوران حکومت کو 700 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے، جبکہ 300 ارب روپے کا سود ختم کرایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 6 آئی پی پیز کے ساتھ حکومت نے معاہدے ختم کردیے ہیں، جبکہ 25 آئی پی پیز کے ساتھ ٹیک اینڈ پے پر بات ہوچکی ہے۔

پاور ڈویژن حکام کے مطابق خصوصی ٹاسک فورس سرکاری پاور پلانٹس کے ساتھ بات چیت کررہی ہے۔ اور اس کوشش سے 2 ماہ تک بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 6 سے 8 روپے تک کمی متوقع ہے۔

پاور ڈویژن حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت پاور سیکٹر کا گردشی قرض 2300 ارب روپے کے لگ بھگ ہے، جسے جلد سے جلد صفر کرنے پر کام کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دو برس کے دوران بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے باعث جہاں عام آدمی کو بل ادا کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا وہیں صنعت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ جس کے باعث حکومت بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے سنجیدہ کوشش کررہی ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button