جہلم تا للِہ ڈیول کیرج وے؛ شہریوں کو مشکلات کا سامنا، سنگھوئی کے مکینوں نے مسائل بارے آگاہ کر دیا

جہلم: یونین کونسل سنگھوئی اور جنجیل کے مکینوں نے ڈیول کیرج وے کی انتظامیہ کو شہریوں کو پیش آنے والے مسائل بارے تحریری طور پر آگاہ کردیا۔
جنجیل، کڑی، طور، نتھوالہ، چوٹالہ، النگ، جگتہ، ممیان، خورد، ڈھوک رجو، دھریالہ، گوڑھا سلیم، جنگو رڑیالہ، کوٹ بصیرہ، رڑیالہ بیرم، رڑیالہ جگدیو، کھائی کوٹلی، کھائی کلیہ، ملوٹ، بدلوٹ، بن شہید، گوڑھا احمد کے مکینوں سمیت کاروباری افراد کا درینہ مسئلہ 40ہزار سے زائد نفوس پر مشتمل آبادی والے ان دیہات جس کے نزدیک ایک بازار سنگھوئی ہے وہاں پر ڈیول کیرج وے روڈ کے پراجیکٹ کا ایک بھی چوک موجود نہیں۔
یہ روڈدونوں اطراف کی آبادیوں کو کراس کرتی ہے اور بازار کو 2 حصوں میں تقسیم کردیا گیا ہے۔40 ارب روپے کی لاگت کے اس منصوبے کو پایہ تکمیل کیلئے دو سال کا عرصہ درکار تھا جب کہ 5 سال ہونے کو ہیں لیکن کام سست روی کا شکار ہے آبادی مسائل سے دوچار ہے۔اسکے علاوہ نکاسی آب اورسڑک کی اونچائی کا مکینوں کو مسئلہ درپیش ہے جسے بناتے وقت انجینئر کی کوتاہی سمجھ لیں یا جلد بازی ،گاؤں سے چار فٹ کی بلندی پر روڈتعمیر کیا جارہا ہے۔
اہلیان علاقہ پریشان ہیں کہ آبادی کا پانی کہاں جائے گا۔جب کہ مین چوک یا فلائی اوور بھی نقشے میں موجود نہیں جو سڑک کے دونوں اطراف کو آپس میں ملائیں اور مکین بآسانی ایک طرف سے دوسری طرف بازار وں سے خریداری کر سکیں۔
مکینوں نے مطالبہ کیاہے کہ ہمارے 40ہزار سے زائد لوگوں کی پریشانی کو مد نظر رکھتے ہوئے مین چوک ،نکاسی آب اور روڈ کی بناوٹ میں جو کمی رہ گئی ہے ان کے لئے دوبارہ نقشہ تیار کیا جائے تاکہ مکینوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو ۔ یہ پراجیکٹ ایک آدھ سال کیلئے نہیں بلکہ دہائیوں کیلئے چلنے والا منصوبہ ہے ۔لہٰذا اگلے 20/30 سالوں کو مدنظر رکھ کر ڈیول کیرج وے روڈ کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ تحصیل جہلم کی عوام کا رابطہ ضلعی ہیڈ کوارٹر سے بحال ہو سکے۔



