پنجاب میں پہلی بار تیتر کے شکار کے لیے 80 شکار گاہیں مختص

40
جہلم: پنجاب میں پہلی بار تیتر کے شکار کے لیے 80 شکار گاہیں مختص کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم سمیت پنجاب بھر میں پہلی مرتبہ تیتر کے شکار کے لیے 80 شکار گاہیں مختص کر دی گئی ہیں۔ پنجاب حکومت نے تیتر کی افزائشِ نسل، شکار کے نظم و ضبط اور بین الاقوامی سطح کے شکاریوں کو راغب کرنے کے لیے جامع پلان تشکیل دے دیا ہے۔
منصوبے کے تحت منتخب شکار گاہوں میں شکار کے پرمٹس جاری کیے جائیں گے جبکہ تیتر کی افزائش نسل کے فروغ کے لیے شہریوں کو رعایتی نرخوں پر تیتر اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ شکار گاہوں کی باقاعدہ نیلامی بھی ہوگی جس سے حاصل ہونے والی آمدن شہریوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے گی۔
پنجاب خصوصاً سالٹ رینج میں تیتر سمیت نایاب پرندوں اور جانوروں کی افزائش نسل کا خصوصی پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ وائلڈ لائف کی زیر نگرانی شروع کیا گیا ہے۔
غیر قانونی شکار کی روک تھام کے لیے اطلاع دینے والوں کو بھاری نقد انعام دیا جائے گا تاکہ قانون کی بالادستی یقینی بنائی جا سکے۔
ڈی جی وائلڈ لائف مبین الٰہی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ نایاب پرندوں اور جنگلی حیات کے تحفظ میں محکمہ وائلڈ لائف کا ساتھ دیں تاکہ جنگلی حیات کو بچایا جا سکے اور شکار کے عمل کو قانونی دائرہ کار کے اندر رکھا جا سکے۔



