جہلم میں نایاب اڑیال کے بچے سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی

جہلم میں نایاب نسل کے اڑیال سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، نایاب اڑیال کے تین بچے برآمد کر لئے گئے۔
یہ کارروائی محکمہ وائلڈ لائف اور پولیس نے جہلم کے علاقے پھڈیال میں کی، جہاں نایاب نسل کے اڑیال کے بچوں کو سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر مشتبہ گاڑی سے نایاب اڑیال کے تین بچے برآمد کر لیے۔
وائلڈ لائف حکام کے مطابق کارروائی کے دوران تین ملزمان میں سے ایک ملزم زاہد نواز کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دو دیگر ملزمان بشارت اور اسد موقع سے رائفل لہراتے ہوئے فرار ہو گئے۔ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
محکمہ وائلڈ لائف کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم زاہد نواز نایاب نسل کے ان اڑیال کے بچوں کو شکار کے بعد غیر قانونی طریقے سے سمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ملزم کے خلاف تھانہ چوٹالہ میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور قانونی کارروائی جاری ہے۔
محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں نے اڑیال کے برآمد شدہ بچوں کو اپنی تحویل میں لے کر انہیں محفوظ طریقے سے لاہور منتقل کر دیا ہے، جہاں ان کی دیکھ بھال کی جائے گی۔
محکمہ وائلڈ لائف نے اس کامیاب کارروائی کو نایاب جانوروں کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی غیر قانونی شکار یا سمگلنگ کی اطلاع فوری طور پر حکام کو دیں۔



