طلباء و طالبات ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، چوہدری تسنیم ناصر گجر

سوہاوہ: ڈومیلی کے نواحی علاقے جھنگ چک میں قائم روہتاس انٹرنیشنل اسکول اینڈ کالج میں گزشتہ روز لائبریری کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں مختلف سیاسی، سماجی اور تعلیمی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق ایم پی اے و رہنما پاکستان پیپلز پارٹی چوہدری تسنیم ناصر گجر تھے۔ دیگر معزز مہمانوں میں امیر جماعت اسلامی ضلع جہلم ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری، بنو قابل پروگرام کے انچارج فیاض بٹ، اور چیئرمین یوتھ فورم ساجد امین گجر شامل تھے۔
کالج پہنچنے پر طلبہ و اساتذہ نے مہمانوں کا پھولوں کے ہار پہنا کر والہانہ استقبال کیا۔ ننھے منے بچوں نے پھولوں کے گلدستے پیش کیے جبکہ تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے کیا گیا۔ بعدازاں چوہدری تسنیم ناصر اور ساجد امین گجر نے چوہدری ابرار نجیب گجر کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر لائبریری کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری تسنیم ناصر نے کہا کہ آپ تمام طلبہ و طالبات اس ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ تعلیم ہی کامیابی کی کنجی ہے، آپ محنت اور لگن سے علم حاصل کریں کیونکہ اسی سے وطن عزیز کی تقدیر بدلے گی۔ ہم سب اپنی بہادر افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر طلبہ و طالبات نے چوہدری تسنیم ناصر اور دیگر مہمانوں کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا۔
ڈائریکٹر چوہدری ابرار نجیب گجر نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نئی تعمیر شدہ لائبریری میں طلبہ و طالبات کے لیے تاریخی اور اسلامی کتابوں سمیت دیگر علمی ذخیرہ دستیاب ہے، تاکہ وہ اپنے ایکسٹرا وقت میں مطالعہ کے ذریعے اپنی علمی استعداد میں اضافہ کر سکیں۔



