عیدالاضحیٰ کے تین دنوں میں ریسکیو 1122 جہلم نے 271 افراد کو ریسکیو کیا

جہلم:عیدالاضحیٰ کے تین دنوں میں ریسکیو 1122 جہلم نے 271 افراد کو ریسکیو کیا، مختلف حادثات و واقعات میں 13 افراد جاں بحق ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم میں عیدالاضحیٰ کے مقدس ایام میں جہاں عوام اپنے پیاروں کے ساتھ عید کی خوشیاں منانے میں مصروف رہے، وہیں ریسکیو 1122 جہلم کے اہلکار خدمتِ خلق کے جذبے کے تحت ہمہ وقت عوام کی مدد کے لیے موجود رہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے دن رات کی تمیز کے بغیر چوبیس گھنٹے اپنی خدمات سرانجام دیں اور عید کے تین دنوں میں مجموعی طور پر 273 مختلف ایمرجنسیز پر بروقت رسپانس دیا گیا، جن میں 271 افراد کو کامیابی سے ریسکیو کیا گیا۔
@jhelumnewspk عیدالاضحیٰ کے تین دنوں میں ریسکیو 1122 جہلم نے 271 افراد کو ریسکیو کیا #JhelumNews #latestnews #fyp #breakingnews #foryoupagе #viralvideos #jhelum ♬ original sound – Jhelum News
ان ریسکیو آپریشنز میں سے 79 افراد کو موقع پر ہی فرسٹ ایڈ فراہم کی گئی جبکہ 179 افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ان ایمرجنسیز میں 58 واقعات روڈ ٹریفک حادثات سے متعلق تھے جن میں 71 افراد زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ 173 میڈیکل ایمرجنسیز، 13 اونچائی سے گرنے کے واقعات، 4 آگ لگنے کے کیسز، ایک کرائم ایمرجنسی، ایک ڈوبنے کا واقعہ اور 23 متفرق ایمرجنسیز رپورٹ ہوئیں۔
افسوسناک طور پر ان مختلف ایمرجنسیز کے دوران 13 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جن میں سے 05 افراد ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہوئے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کے مطابق ریسکیو 1122 کی پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے تحت 28 مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے بڑے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
انجینئر سعید احمد نے کہا کہ ریسکیو ٹیموں نے عید کے ایام میں مثالی پیشہ ورانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے عوام کی خدمت کی اور ہر قسم کی ایمرجنسی میں فوری رسپانس دیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دورانِ ڈرائیونگ اور موٹر سائیکل چلاتے وقت سیفٹی اصولوں کی مکمل پاسداری کریں تاکہ قیمتی جانوں کو ضیاع سے بچایا جا سکے۔



