پنڈدادنخان میں سروس اسٹیشن کی کھلی ٹینکی میں بچی گر کر جاں بحق

پنڈدادنخان: جہلم کی تحصیل پنڈدادن خان کی یونین کونسل ٹوبھہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں دو کمسن بچیاں سروس اسٹیشن کی کھلی پانی کی ٹینکی میں گر گئیں۔ حادثے کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق واقعہ ٹوبھہ کر مال پمپ کے سامنے واقع ایک سروس اسٹیشن پر پیش آیا، جہاں پانی والی ٹینکی پر ڈھکن موجود نہیں تھا۔ بچیاں اسکول سے چھٹی کے بعد گھر واپس جا رہی تھیں اور راستے میں شہتوت کا درخت دیکھ کر رک گئیں۔ درخت کے قریب موجود ٹینکی میں ڈھکن نہ ہونے کی وجہ سے دونوں بچیاں اس میں گر گئیں۔

ریسکیو 1122 نے ایک بچی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے جبکہ ایک بچی کو بچا لیا گیا۔ جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت یاسمین کے نام سے ہوئی ہے جو کہ کلاس اول کی طالبہ تھی۔

پوسٹ مارٹم تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ للِہ ٹاؤن چوہدری عبدالرحمن، ایس آئی محمد اشفاق اور اے ایس آئی سید جعفر شاہ کی نگرانی میں مکمل کیا گیا۔ ڈاکٹرز کی رپورٹ کے مطابق بچی کی موت پانی میں ڈوبنے سے واقع ہوئی۔

پوسٹ مارٹم کے بعد ڈیڈ باڈی لواحقین کے حوالے کر دی گئی، جو اسے آبائی گاؤں ٹوبھہ لے گئے۔

علاقہ مکینوں نے واقعے پر شدید دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سروس اسٹیشن مالکان کے خلاف غفلت برتنے پر قانونی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button