رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی میں طلبہ کی طرف سے اساتذہ کے اعزاز میں گرینڈ افطار ڈنر

پنڈدادنخان/ اسلام آباد: رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی میں ایم ایس میڈیا سائنسز کے طلبہ کی طرف سے اساتذہ کے اعزاز میں گرینڈ افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔
گرینڈ افطار ڈنر میں ڈاکٹر ریحان، ڈاکٹر موسیٰ، ڈاکٹر ریاض، پنڈ دادنخان سے تعلق رکھنے والے نوجوان صحافی آکاش علی مغل، ملک اکرام، محمد اسماعیل، نعمان ،باقر ،ثاقب سمیت سینکڑوں طلبہ نے شرکت کی۔
طلبہ سے اپنے خیالات کا اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر موسیٰ نے کہا کہ مسلمان اس ماہ مبارک میں رحمتیں سمیٹ کر اللہ کی رضا کے حقدار بن جائیں گے، ماہ رمضان معاشرتی تربیت اور درستگی کا اہم ذریعہ ہے جس میں نماز کے قائم کرنے سے لے کرزکوۃ کی تقسیم تک ایک ایک عمل میں بھلائی اور دگنا ثواب ہے۔
ڈاکٹر ریحان و ڈاکٹر ریاض نے امت مسلمہ پر زور دیا ہے کہ وہ اس ماہ صیام کے دوران دنیا بھر کو اسلام کے پیغام امن سے روشناس کرانے کے لیے میدان عمل میں آئیں اور ہر کونے تک اسلام کے مثبت تاثر کو پہنچائیں۔
اساتذہ کے علاوہ طلبہ نے بھی افطار ڈنر پارٹی میں موجود شرکاء سے سیر حاصل گفتگو کی۔
میڈیا اسکالر عظمیٰ و انعم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسان کو چاہیے کہ وہ اپنے ساتھی انسانوں کے ساتھ محبت و ہمدردی کا رویہ روا رکھے کیونکہ یہی اس کی زندگی کا اصل مقصد ہے۔
ملک اکرام و ثاقب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کسی ذاتی غرض و غایت ، صلے یا معاوضے کے بغیرمحض خدا کی رضا کے حصول کے لیے انسانیت کی بنیاد پر دوسروں کی خدمت کرنی چاہیے۔
اُردو زبان و ادب کے استاد آکاش علی مغل و ایم ایس میڈیا سائنسز اسکالر محمد اسماعیل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا خدمت خلق کا بہترین طریقہ اپنے شعبے یا پیشے کے ذریعے لوگوں کی خدمت کرنا ہے۔
آخر میں رفاہ یونیورسٹی کے شعبہ میڈیا سائنسز کے اساتزہ کی طرف سے طلبہ کا شکریہ ادا کیا گیا اور ڈھیروں دعاؤں سے بھی نوازاگیا۔



