جہلم چیمبر آف کامرس کی نئی عمارت کا شاندار افتتاح، مختصر مدت میں تکمیل پر کاروباری حلقوں کی مبارکبادیں

جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نئی عمارت کا افتتاح گزشتہ روز ایک پروقار تقریب میں صدر چیمبر حاجی زاہد حسین بٹ اور سابق صدر چوہدری عمر مشتاق برگٹ نے باقاعدہ طور پر کیا۔ نئی بلڈنگ کی تکمیل صرف چار ماہ کی ریکارڈ مدت میں کی گئی، جسے تاجروں اور شہریوں کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔
تقریب میں چیمبر کے عہدیداران، ممتاز کاروباری شخصیات، ایگزیکٹو ممبران، تاجر تنظیموں کے نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ افتتاحی تقریب کے دوران قرعہ اندازی کے ذریعے تین خوش نصیب افراد کو موٹر سائیکل جبکہ دو افراد کو عمرہ پیکجز دیے گئے۔ ایک خوش نصیب شہری جو نماز کی ادائیگی کے لیے موجود نہ تھا، اسے اگلے روز عمرہ ٹکٹ دیا گیا۔
صدر چیمبر حاجی زاہد حسین بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "یہ کامیابی پوری ٹیم کی محنت، عزم اور یکجہتی کا نتیجہ ہے۔ ہم نے جو وعدہ تاجروں سے کیا تھا، الحمدللہ اسے قلیل وقت میں پورا کر دکھایا۔”

انہوں نے سینئر نائب صدر سیف ریاض، نائب صدر شیخ سعید زمان ساہنی، ایگزیکٹو ممبران، اور تمام تاجروں کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس پراجیکٹ کو حقیقت کا روپ دینے میں بھرپور تعاون کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد سعید احمد، راجہ محمد انور، چوہدری عمر مشتاق برگٹ، چوہدری غلام احمد زمرد (سابق تحصیل ناظم)، ایگزیکٹو ممبر ذیشان ندیم جرال، ملک محمد اقبال اعوان (صدر مرکزی انجمن تاجران جہلم)، طاہر مجید کپور (سابق صدر سیالکوٹ چیمبر و ڈائریکٹر ایئر سیال)، اسحاق ڈار (ممبر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس)، وائس پریزیڈنٹ شیخ سعید زمان ساہنی، سینئر وائس پریزیڈنٹ سیف ریاض اور ایگزیکٹو ممبر چوہدری سہیل عزیز نے صدر چیمبر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔
مقررین نے اس منصوبے کو جہلم کے تاجروں کے لیے ایک سنگ میل اور مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیمبر آف کامرس کی یہ نئی عمارت تاجروں کے اعتماد اور اتحاد کا مظہر ہے۔
تقریب کے اختتام پر بلڈنگ کے کنٹریکٹر چوہدری عباس اور فیصل بٹ کو بہترین کارکردگی پر نقد انعام بھی دیا گیا، جس پر شرکاء نے انہیں بھرپور داد دی۔ عوامی حلقوں نے بھی نئی عمارت کی تیز رفتار تکمیل اور شفاف انداز میں مکمل ہونے پر چیمبر ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔



